
بنوں میں سکیورٹی فورسز نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام بنا دیا اور فتنہ الخوارج کے تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا اور سکیورٹی حدود کو توڑنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ “فتنہ الخوارج” کے تمام 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید جھڑپ میں فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز کے بروقت، چوکس اور جرات مندانہ ردِعمل کے باعث خوارج کے عزائم ناکام ہوگئے، بھارتی اسپانسرڈ خوارج نے بارودی مواد سے بھری گاڑی دیوارِ حصار سے ٹکرائی اور خودکش دھماکے کے نتیجے میں حصار کی دیوار کا کچھ حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں قریبی سول انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے تین شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا، اس بھیانک اور بزدلانہ عمل کے مجرموں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز پوری قوم کے شانہ بشانہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں اور شہریوں کی یہ لازوال قربانیاں ملک کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Leave a Reply