پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ اور توہین آمیز مہم میں ملوث افراد اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے واضح اور دوٹوک انداز میں لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پارٹی میں کوئی ابہام نہیں اور دہشتگردی سے متعلق واقعات میں سکیورٹی فورسز کے شہدا پر تنقید کرنے والوں سے واضح طور پر لاتعلقی اختیار کی گئی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسی کے مطابق فوج ان کی اپنی ہے اور پاکستان اور اس کے وجود کیلئے بے حد اہم ہے، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا مذاق اُڑانے یا کمزور کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔
تاہم پارٹی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اس باضابطہ مؤقف کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے ہی سوشل میڈیا ٹرولز سے بڑھتا ہوا خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔
پارٹی کا سوشل میڈیا بیرون ملک سے چلایا جاتا ہے اور یہ پارٹی کے چیئرمین، سیکرٹری اطلاعات حتیٰ کہ سیاسی کمیٹی کے کنٹرول میں بھی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 3 روز قبل بھارتی سرپرستی میں کالعدم بی ایل اے نے بلوچستان کے 8 اضلاع میں حملے کیے جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ناکام بنایا اور 3 روز کے دوران 177 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
گزشتہ روز خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے حملوں میں 17 سکیورٹی اہلکار اور 33 عام شہری بھی شہید ہوئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا دہشتگردوں کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی، ریاست کی جانب سے دہشتگردوں کو بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

























Leave a Reply