
کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سنجیدی ڈیگاری دوہرے قتل کیس میں مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان کو 2 روزہ ریمانڈ پر سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
سنجیدی ڈیگاری فائرنگ کیس میں مقتولہ بانوبی بی کی والدہ گل جان کو انسداددہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
متعلقہ حکام نے عدالت سے گل جان بی بی کو دو روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے اسے سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کےحوالے کردیا۔
بانو بی بی کی والدہ گل جان کو گزشتہ روز سیریس کرائم انوسٹی گیشن نے گرفتار کرلیا تھا۔
کیس کے تفتیشی افسر جاوید بزدار نے جیو نیوز کو بتایا کہ بانو بی بی کی والدہ کو گزشتہ روزسوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں قتل کے اعتراف میں گرفتار کیا تھا۔
جاوید بزدار کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں گل جان نے اپنی بیٹی کےقتل کا کئی جگہ اعتراف کیا۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں گل جان قرآن پاک ہاتھ میں لیے بانو بی بی کو مارنےکا اعتراف کررہی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ بے شک ہم نے بانو کو غیرت کے نام پر بلوچی رسم ورواج پر مارا ہے اور اس میں ہماری قوم کے سردار کا کوئی قصور نہیں، ہمارے سردار اور لوگوں نے کوئی ناجائز فیصلہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ بانو بی بی اور احسان اللہ کو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل سنجیدی ڈیگاری کےعلاقے میں غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا تھا۔
دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں بلوچستان واقعے پر اتفاق رائے سے مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔
قرارداد سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ مرد اور خاتون کو سرعام غیرقانونی طور پرجرگےکے حکم پرقتل کیا گیا، اس قتل کو علاقائی، قبائلی،کلچرل اور غیرت کے لبادے میں معاف نہیں کیا جاسکتا، ریاست ملزمان کےخلاف کارروائی کرے اور ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Leave a Reply