چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا کہنا ہےکہ انہیں بشریٰ بی بی نے بتایا ہےکہ ڈاکٹروں نے پروسیجر تجویز کیا ورنہ عمران خان کی آنکھ ضائع ہونےکا خدشہ تھا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ اور بھابی مہرالنساء نے اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی سے ملاقات کی۔
دونوں خواتین نے ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی کا پیغام بیرسٹر گوہرکوپہنچا دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سےگفتگو میں بیرسٹر گوہرکا کہنا تھا کہ آج 3 ماہ بعد بشریٰ بی بی کی فیملی کو ملاقات کی اجازت ملی، بشریٰ بی بی کے ساتھ فیملی کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی موجود نہیں تھے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لے جانےکی تصدیق کی ہے، ملاقات صرف بشریٰ بی بی سےہوئی ہے، 8 فروری سےمتعلق یا سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بشریٰ بی بی کے دو پیغام آئے ہیں، بشریٰ بی بی نے بتایا بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں شدید تکلیف تھی، ڈاکٹروں نےتجویز کیا ان کا پمز اسپتال جانا ضروری ہے، بشریٰ بی بی نےبتایا بانی پی ٹی آئی کی طبیعت پہلے سے قدرے بہتر ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی مرضی سے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر اسپتال گئے تھے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ابھی ٹریٹمنٹ ہو رہی ہے، بشریٰ بی بی نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے پروسیجر تجویزکیا ورنہ آنکھ ضائع ہونےکا خدشہ تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری کوئی ملاقات نہیں ہو رہی، ملاقاتوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، فیملی کی ملاقات ہر صورت ہونی چاہیے، آج فیملی کی ملاقات ہوگئی توکچھ تسلی ہوئی، کہاں لکھا ہوا ہے آپ سیاسی گفتگو نہ کریں؟ پہلے کیا جیل میں باقی لیڈرز نہیں رہے؟ ایک پارٹی کے لیے ایک قانون اور دوسری کے لیے دوسرا قانون ہے، جتنا ملاقات کو روکیں گے اتنے مسائل جنم لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیے سے آنے والی پیش کش ہمارے علم میں نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا ان کا جینا اور مرنا اس ملک میں ہے۔


























Leave a Reply