اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کا کہناہے کہ 21 سے 24 جنوری تک شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے دریائے کابل اور ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی آسکتی ہے۔
اسی طرح دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔ عوام نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کے روز سے بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔
اس کے علاوہ نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران اور چاغی میں بھی بارش کا امکان ہے ۔


























Leave a Reply