
دفاعی چیمپئن پاکستان کے اویس منیر نے ایشین 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں کامیاب آغاز کرتے ہوئے ابتدائی روز اپنے دونوں میچز جیت لیے۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں ایشین 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے پہلے روز پاکستان کے اویس منیر نے گروپ اے کے پہلے میچ میں مکاؤ کے چن کن چان کو 2-4 سے شکست دی۔ اویس کی جیت کا اسکور 53-1، 11-41، 6-38، 38-9، 0-49 اور 0-57 رہا۔
اویس نے میچ کے آخری فریم میں 52 کا بریک بھی کھیلا۔
اویس منیر نے اپنے دوسرے میچ میں 75 پوائنٹس کی بریک کھیلتے ہوئے بنگلا دیش کے ضیا الرحمان آزاد کو شکست دی۔ دوسرے میچ میں اویس کی جیت کا اسکور 0-65، 17-47، 8-59 اور 0-75 رہا۔
تین میں سے دو میچز جیت کر اویس منیر نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بھی یقینی کرلی۔
آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے اپنے پہلے گروپ میچ میں کمبوڈیا کے نیانگ ٹولا کو 1-4 سے ہرایا ۔ آصف کی جیت کا اسکور 17-37، 0-47، 59-9، 0-44 اور 9-39 رہا جبکہ محمد سجاد نے بحرین کے خلیل بو آصف کو چار ۔ صفر سے ہرایا۔
سجاد کی جیت کا اسکور 15-46، 21-34، 17-48، اور 13-46 رہا۔ ایونٹ میں اویس منیر کل انڈیا کے پشپندر سنگھ سے مقابلہ کریں گے ۔ محمد سجاد اور محمد آصف دو، دو گروپ میچز کھیلیں گے۔
Leave a Reply