بھارت میں جنگی مشقیں مکمل کرنے کے بعد واپسی پر بھارتی سمندری حدود کے قریب ایرانی جہاز پر ہونے والے امریکی حملے پر بھارتی سیاسی اور دفاعی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے سوال اٹھادیا کہ کیا بھارت کا اپنے پڑوس میں کوئی اثر نہیں بچا یا بھارت نے خاموشی سے یہ علاقہ واشنگٹن اور تل ابیب کے حوالے کردیا ہے؟
بھارتی صحافی راجدیپ سردیسائی نے کہا ہےکہ ایران کی جنگ بھارت سے ایک قدم مزید قریب آ گئی ہے۔
امریکا کی جانب سے سری لنکا کے قریب ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ جہاز بھارت میں جنگی مشقیں کرنے آیا تھا اور حملے کے بعد اس کے عملے کے سو افراد لاپتا ہیں۔
بھارتی صحافی سوہاسنی حیدر نے کہا ایرانی بحری جہاز کو جنگی مشقوں کے لیے بھارتی بحریہ نے دعوت دی تھی ، وہ بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر جواب کی منتظر ہیں ۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئےکہا ہےکہ ایرانی جنگی جہاز پر امریکی آبدوز نے حملہ کیا۔
ایرانی جنگی جہاز بھارت میں جنگی مشقیں مکمل کرنے کے بعد ایران واپس لوٹ رہا تھا جسے سری لنکا کے قریب نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی جہاز آئرس ڈینا (IRIS Dena) کے ڈوبنے کی اطلاع پر اس کے عملے کو ریسکیو کرنے کے لیے سری لنکن بحریہ کو روانہ کیا گیا، جب تک امدادی جہاز حادثے کے مقام پر پہنچا ایرانی جنگی جہاز ڈوب چکا تھا۔
سری لنکن وزیر خارجہ کے مطابق اب تک جہاز سے 30 زخمی سیلرز کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سری لنکا کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی بحری جہازپر امریکی حملے میں80 افرادجاں بحق ہوئے۔


























Leave a Reply