
دبئی: ایران کی جانب سے خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہےکہ اہم فوجی علاقوں سے دور محفوظ پناہ گاہوں میں رہیں۔
خیال رہے کہ ایران نے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر بیلسٹک میزائل فائر کردیے ہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔
قطر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل تباہ کردیا ہے۔قطر کی جانب سے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قطر اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
قطر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہےکہ قطر میں امریکی العدید ائیربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔
عراق میں امریکا کی عین السد ائیر بیس پر فضائی دفاعی نظام فعال کردیا گیا ہے جب کہ وہاں موجود اہلکاروں کو بھی بنکروں میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کو ’آپریشن بشارت فتح‘ کا نام دیا گیا ہے۔
Leave a Reply