ایران نے اسرائیلی فوج کیخلاف حملوں کی 14ویں لہر کی ویڈیو جاری کر دی


ایران نے اسرائیلی فوج کیخلاف حملوں کی 14ویں لہر کی ویڈیو جاری کر دی

فوٹو:اسکرین گریب

ایران نے  آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر  بمباری کی جس میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔

 ایران نے جمعرات کی صبح ایک دفعہ پھر اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک میزائل داغے جس سے  65 اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا کہ یہ حالیہ جنگ میں ایران کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

 ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیلی فوجی کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر، انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا ہے جب کہ ساروکا اسپتال کو فوجی مراکز کے واقع قریب ہونے کی وجہ سے جزوی نقصان ہوا۔

 ایران کے تازہ میزائل حملوں سے ہونے والی تباہی کے بعد اسرائیلی وزیراعٖظم نیتن یاہو نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ایرانی میزائلوں نے سروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ 

اسرائیلی فوج کے خلاف حملوں کی اس چودہویں لہر کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی جس میں پہ پہ درپہ میزائلوں سے ایک مقام کو نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے یونٹ 82 ہنڈریڈ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایران کی اسرائیل میں اسپتال کو نشانہ بنانے کی تردید

ایران نے اسرائیل میں اسپتال کو نشانہ بنانے کا صیہونی دعویٰ جھوٹ کاپلندہ قرار دے دیا۔ 

اقوام متحدہ میں ایران کے مشن کا کہنا ہے کہ تہران صیہونیوں کا جھوٹا دعویٰ یکسر مسترد کرتا ہے۔مشن نے واضح کیا کہ حق دفاع استعمال کرتے ہوئے ایران عالمی قوانین کے پاسداری کے تحت مخصوص اہداف پر حملے کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا کہ صرف ایسے اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو ایران پر حملوں میں براہ راست ملوث ہیں یا پھر صیہونی جارحیت میں معاونت کررہے ہیں۔ 

مشن نے کہا کہ اسرائیل کے برخلاف ایران کسی شہری یا سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنا رہا۔

کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے ساتھ ہی دنیا کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو اس کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

کونسل نے کہا کہ اگر بیرونی کرداروں نے تنازعہ بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کا فوجی اور اسٹریٹیجک ردعمل فوری ،متناسب اورپہلے سے طے شدہ طریقہ کےمطابق ہوگا۔

کونسل نے کہا کہ ایران کا عزم ہے کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات میں مربوط انداز سے شامل مغربی قوتوں بلخصوص امریکا کے خلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرےگا۔

 امریکا کی مدد کے بغیر اسرائیل ایک دن بھی ایران کامقابلہ نہیں کرسکتا

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا کی مدد کے بغیر اسرائیل ایک روزبھی ایران کامقابلہ نہیں کرسکتا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا ہے مگر خود فریبی کا شکار امریکا کے صدر ٹرمپ کو یہ علم ہونا چاہیے کہ ایرانی قوم مغربی اقوام جیسی نہیں کہ اس پر غلبہ حاصل کرلیا جائے اور من مانی چیزیں تھونپ دی جائیں۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران پر امن کی شرطیں تھونپی نہیں جاسکتیں نہ ہی ایران کو دباؤ کا شکار کیا جاسکتا ہے۔

ایران طے کرے گا کہ جنگ کیسے ختم کی جائےگی

ایران کے سابق وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران طے کرے گا کہ جنگ کیسے ختم کی جائےگی۔

سوشل میڈیا پر پیغام میں جواد ظریف نے کہا کہ حملہ آور کوئی بھی ہو، ایرانی قوم اسے ناک آؤٹ کردے گی۔ نسل کش بزدل کو تو علم ہی نہیں کہ اس نے کس چیز کاآغاز کیا ہے۔

جواد ظریف نے کہا کہ ایران نے تین صدیوں میں کسی ملک پر حملہ نہیں کیا مگر ایران نے ابھرنے کی ناقابل یقین قوت کا بھی اظہار کیا ہے۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ عمارتیں گرائی جاسکتی ہیں مگر علم کبھی تباہ نہیں کیا جاسکتا، خاص طور پر جب 9 کروڑمحب وطن اور مخلص لوگ موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے یہ جنگ شروع نہیں کی مگر یقینا فیصلہ ایران ہی کرے گا کہ اسے ختم کیسے کیاجانا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *