اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایران پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کر رہا ہے، عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔
امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور ایران پر جارحیت کی شدید مذمت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صیہونیت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا، اب بھی فلسطینی شدید تناؤ اور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں، حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بیہودہ قسم کے الزامات لگاکر ان حملوں کا جواز پیش کیا جارہا ہے، ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کر رہا ہے، عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، امت مسلمہ باہم دست وگریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے، امریکا انسانیت کا دشمن ہے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات پر مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے کردار کو سراہتے ہیں، اس جنگ میں فتح عالم اسلام کی ہوگی۔
رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی آمد ہمارے لیے اطمینان کا باعث ہے۔


























Leave a Reply