
معروف اداکار و پروڈیوسر نبیل ظفر نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپنے وطن کے دفاع کیلئے پر پاکستانی فوجی بن جائے گا۔
نبیل ظفر نے انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملہ کیا ہے، وار کرنا ہی ہے دل پر سینے پر کرو، مساجد بھی شہید کیں جس سے بھارتیوں کے ہندو ذہنیت کا معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ انسانیت کی ہار ہوتی ہے اور امن انسانیت کی جیت، اگر آپ یورپ کی تاریخ پڑھیں تو پتا چلتا ہے کہ کئی سو سال لڑنے کے بعد انہیں سمجھ آگیا ہے جنگ مسئلے کا حل نہیں، پاکستان نے کھلے دل سے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کرانے کا بول دیا تھا اور پاکستان جیسا ملک سالوں سے خطرناک دہشتگری کا سامنا کررہا ہے لیکن بھارت نے پھر بھی پاکستان پر حملہ کیا، جب بھی الیکشن کا وقت قریب آتا ہے تو بھارت اس طرح کی حرکت کرتا ہے۔
نبیل کا کہنا تھا کہ بھارت کا بالی وڈ ہر جگہ گھسا ہوا ہے ان کی سیاست ان کی فوج اور ان کی جنگ میں بھی موجود ہے، جو دل چاہے گا وہ سین بنا لیں گے۔
انہوں نے 1965 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اپنے بڑوں سے سنا تھا کہ 1965 کی جنگ میں لاہور میں لوگ ڈنڈے لے کر بارڈر پر لڑنے چلے گئے تھے، یہ ہماری قوم کا جذبہ ہے، اگر آپ نے پاکستان میں جنگ شروع کی تو یہاں صرف فوج نہیں ہے بلکہ یہ 25 کروڑ عوام فوجی بن جائیں گے۔
اداکار نے پاکستانی فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن اگر بات آپ کے وطن پر آجائے تو ہوتی ہے، جب تک بھارت ہماری چیزیں نہیں چلائے تب تک ہمیں بھی ان کی چیزیں نہیں چلانی چاہیے، جب تک دونوں ملکوں کے درمیان شرائط و ضوابط طے نہیں ہوجاتے ہمارے لوگوں کو بھارت جا کر کام نہیں کرنا چاہیے۔
Leave a Reply