واشنگٹن: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کی دھمکی کے بعد امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدے کیلئے پر امید ہیں۔
اتوار کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ’ٹرمپ مسلسل کہتے ہیں کہ وہ جہاز لے آئے ہیں۔ ایرانی قوم ان باتوں سے نہیں ڈرے گی اور نہ ہی ایرانی عوام ان دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتے اور نہ ہی ایسا چاہتے ہیں، لیکن اگر کوئی ایرانی قوم پر حملہ کرے یا اسے ہراساں کرے گا تو ایرانی قوم اسے سخت جواب دے گی‘۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای کے انتباہ پر سوال کے جواب میں ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ خامنہ ای علاقائی جنگ کی بات کیوں نہ کریں گے، ظاہر ہے وہ ایسا کہیں گے، مذاکرات ناکام ہوئے تو دیکھیں گے خامنہ ای ٹھیک کہہ رہے تھے یا نہیں۔
ٓصدر ٹرمپ نے کہا کہ’امید ہے ہم ایک معاہدہ کر لیں گے’۔
خیال رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی بحری موجودگی بڑھا دی ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں اس کے 6 ڈسٹرائر، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ موجود ہیں۔


























Leave a Reply