فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد انڈین پریمئیرلیگ (آئی پی ایل) سے نکالنے (ریلیز) کے معاملے پر بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت میں شیڈولڈ اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے پر سوچنے لگا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے مستفیض الرحمان کے معاملے پر فوری مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنگامی مشاورت میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملےکا جائزہ لیا جائےگا۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہےکہ بورڈ میٹنگ فوری طور پر بلانا ممکن نہیں ہے، لیکن فوری طور پر مشاورت کر رہے ہیں، مشاورت کا مقصد صورتحال کا جائزہ لینا ہے، اولین ترجیح کرکٹرز کی حفاظت اور سکیورٹی ہے، مشاورت سے اصل حقائق سامنے آئیں گے، متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہےکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سکیورٹی کی یقین دہانی پر آئی سی سی سے بات کرےگا، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بنگلا دیش اپنے میچز سری لنکا میں کھیلنےکا بھی آپشن رکھےگا۔
خیال رہے کہ بھارتی بورڈ نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کی ہداہت کی تھی جس کے بعد شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر کو ریلیز کر دیا ہے۔
ہندو انتہا پسند رہنماؤں اور سیاستدانوں نے بنگلا دیش کے کرکٹرز کو بھارت میں نہ کھلانےکا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہےکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈولڈ ہے۔
گروپ سی میں شامل بنگلادیش کے 4 میں سے 3 میچ کولکتہ اور ایک میچ ممبئی میں شیڈولڈ ہے۔
بھارت کے ساتھ پاکستان گروپ اے میں شامل ہے اور پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلےگی۔






















Leave a Reply