‘انڈین میڈیا 4 ہفتوں سے ایسا کر رہا ہے’، 15 سالہ پاکستانی کھلاڑی کیخلاف بھارتی مہم پر اعصام الحق کا ردعمل


انڈین میڈیا 4 ہفتوں سے ایسا کر رہا ہے، 15 سالہ پاکستانی کھلاڑی کیخلاف بھارتی مہم پر اعصام الحق کا ردعمل

پاکستان انڈر 16 کے کھلاڑی حمزہ رومان نے کہا کہ میچ کے بعد پوری پاکستان ٹیم جا کر انڈین ٹیم سے ملی__فوٹو: اسکرین گریب

صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کا جونیئر ڈیوس کپ میں پاکستانی کھلاڑی میکائیل علی کے خلاف بھارتی مہم پر ردعمل آگیا۔

اعصام الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ میکائیل علی بیگ کے ہینڈ شیک کے معاملے کو چھوٹے سے کلپ کی بنیاد پر اچھالا جا رہا ہے، انڈین میڈیا پچھلے تین چار ہفتوں سے ایسے کام کررہا ہے، اگر پوری ویڈیو دیکھیں تو معلوم ہو جائے گا کہ میکائل بیگ میچ ہارنے پر خود سے ناراض تھے۔

اعصام الحق نے کہا کہ میکائیل نے انڈین پلیئر سے بھی یہ کہا تھا کہ وہ ان پر نہیں خود پر غصہ ہیں، میچ کے بعد پوری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے کپتان شہزاد خان نے انڈین ٹیم کو سراہا ، میکائیل علی بیگ کی والدہ نے بھی انڈین پلیئر کو جاکر کہا کہ ویل پلیڈ، انڈین ٹینس فیڈریشن اور میڈیا سے کہوں گا کہ وہ پوری پکچر دیکھیں، چھوٹے کلپ کی بنیاد پر واویلا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کچھ غلط ہوا ہوتا تو پاکستان ٹیم پر جرمانہ کیا جاتا مگر ایسا نہیں ہوا، میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ساتھ میں تصویر بھی بنائی۔

پاکستان انڈر 16 کے کھلاڑی  حمزہ رومان نے کہا کہ میچ کے بعد پوری پاکستان ٹیم جا کر انڈین ٹیم سے ملی، میڈیا میں ایک جھوٹا کلپ آگیا مگر ہمارے ملنے کا کلپ نہیں آیا، پلیئرز کے درمیان کوئی ناخوشگوار بات نہیں ہوئی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *