پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو کا دعویٰ ہےکہ انجیکشن لگائے جانے کے باوجود عمران خان کی متاثرہ آنکھ میں 10 فیصد بھی بہتری نہیں آئی۔
ایکس پر جاری بیان میں مریم ریاض وٹو کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی کی آج بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی، اس سے قبل ان کی آج ہی عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔
مریم ریاض وٹو کے مطابق بشریٰ بی بی نے ایک بار پھر عمران خان کی صحت سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مریم ریاض وٹو کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے مطابق انجیکشن لگائے جانےکے باوجود عمران خان کی متاثرہ آنکھ میں 10 فیصد بھی بہتری نہیں آئی۔
مریم ریاض وٹو کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے پیش نظر یہ انتہائی ضروری ہےکہ عمران خان کو فوری طور پر اپنے ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے۔
مریم ریاض وٹو نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو عدالتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کے سامنے اٹھائیں، کیونکہ ان کے مقول عمران خان کو فوری اور مناسب طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔
دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی اور ان کی فیملی کی آج ملاقات کرائی گئی، ملاقات میں بشریٰ بی بی کی بیٹی اور بھابی شامل تھیں۔
جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی فیملی کی ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی، بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی کی فیملی کی ملاقات کرائی گئی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی آج کرائی گئی، دونوں کی ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔
جیل ذرائع کے مطابق دونوں نے ایک دوسرےکا حال احوال پوچھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی۔

























Leave a Reply