انتہائی خفیہ معلومات افشا کرنے پر سابق سی آئی اے ملازم کو قید کی سزا


انتہائی خفیہ معلومات افشا کرنے  پر سابق سی آئی اے ملازم  کو قید کی سزا

امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق تجزیہ کار آصف ویلیم رحمان کو 37 ماہ قید کی سزا سنادی گئی—فوٹو: اے پی

امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق تجزیہ کار آصف ویلیم رحمان کو 37 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔

آصف رحمان کو سزا قومی دفاع سے متعلق انتہائی حساس معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کرنے اور انہیں ایسے افراد کو منتقل کرنے پر سنائی گئی جو ان معلومات کو رکھنے کے مجاز نہیں تھے۔ 

اکتوبر سن 2024 میں یہ خفیہ معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی شیئر کردی گئی تھیں۔

عدالت میں پیش دستاویز کے مطابق 34 برس کے آصف ویلیم رحمان کا تعلق امریکی ریاست ورجینیا کے شہر ویانا سے ہے۔ وہ سن 2016 سے سی آئی اے کا ملازم تھا اور اسے انہتائی خفیہ معلومات تک رسائی حاصل تھی۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف رحمان کیلیفورنیا میں پیدا ہوا، اوہائیو میں پلا بڑھا اور ورجینیا میں مقیم تھا۔ اس نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر جوابی حملے کی تیاری سے متعلق خفیہ معلومات افشا کی تھیں۔

ایران نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو تہران میں شہید کیے جانے کے جواب میں یہ حملہ یکم اکتوبر کو کیا تھا اور اسے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیل کے ہاتھوں شہادت کا بدلہ بھی قرار دیا تھا۔

آصف کو سزا پر ردعمل میں قومی سلامتی سے متعلق امریکا کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان آئزنبرگ نے کہا کہ کئی ماہ تک اس شخص نے امریکی عوام کو دغا دی اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کی تاہم اس مقدمے سے واضح ہے کہ محکمہ انصاف راز افشا کرنیوالوں کیخلاف قوم کا تحفظ کرے گا۔

ورجینیا کے اٹارنی ایریک سیبرٹ نے کہا کہ آصف رحمان نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی قومی سلامتی سے متعلق اہم معلومات افشا کرکے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔یہ مقدمہ ان لوگوں کیلئے وارننگ ہے جو اپنے مقاصد کو قوم پر غالب کرنا چاہتے ہیں۔

ایف بی آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈویژن میں معاون ڈائریکٹر رومن روزہاؤسکی نے کہا کہ آصف امریکی قومی سلامتی کو خطرات سے دوچار کرنے کی اب قیمت چکائے گا۔

رحمان پر 7 نومبر سن 2024 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی، وہ کمبوڈیا میں امریکی سفارتخانے میں ملازم تھا اور وہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سال 17 جنوری کو اس نے 2 جرائم کا اعتراف کرلیا تھا اور گرفتاری کے بعد سے اب تک قید میں ہے۔

آصف ویلیم رحمان کو سزا ایسے وقت سنائی گئی ہے جب ایران کے انٹیلی جنس سے متعلق امور کے وزیر اسماعیل خطیب نے دعویٰ کیاہے کہ ایران کے پاس خفیہ معلومات کا خزانہ ہاتھ آیا ہے۔ 

اسماعیل خطیب کا کہنا ہے کہ یہ معلومات اسرائیل کی نیوکلیئر تنصیبات اور مغربی ممالک سے اس کے تعلقات کی نوعیت سے متعلق ہے اور یہ جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *