
بالی وڈ کے نامور ہدایتکار ودھو ونود چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں امیتابھ بچن کو ساڑھے 4 کروڑ کی گاڑی تحفے میں دینے پر اپنی والدہ سے تھپڑ پڑا تھا۔
ہدایتکار ودھو ونود نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ میں نے فلم ایکلویہ : دی رائل گارڈ کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن کو اپنے قیام اور سفر کا خرچہ خود اٹھانے پر قائل کیا تھا کیوں کہ اگر میں اس فلم کیلئے امیتابھ کا خرچہ اٹھاتا تو فلم کی کاسٹ میں شامل دیگر اداکاروں سیف علی خان اور سنجے دت کے اخراجات بھی ادا کرنے پڑتے لہٰذا امیتابھ بچن کو اپنا خرچہ خود اٹھانے پر قائل کیا گیا۔
جب امیتابھ کو کم سامان کے ساتھ سیٹ پر دیکھ کر ہدایتکار حیران رہ گئے

بھارتی میڈیا کے مطابق جب فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی تو جیا بچن کو یقین تھا کہ ان کے شوہر امیتابھ بچن ڈائریکٹر ونود ودھو کو ایک ہفتہ بھی برداشت نہیں کرپائیں گے جس کا اعتراف بگ بی نے فلم کے سیٹ پر بھی کیا۔
جب امیتابھ بچن فلم سیٹ پر اپنے تھوڑے سے سامان کے ساتھ پہنچے تو ودھو ونود چوپڑا حیران رہ گئے، پوچھنے پر امیتابھ نے بتایا کہ’ مجھے جیا نے کہا تھا کہ میں آپ کو ایک ہفتہ بھی برداشت نہیں کرپاؤں گا۔
ڈائریکٹر ودھو ونود چوپڑا نے اپنے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ’ہم ایک ہفتہ یا 10 دن کے بعد لڑنا شروع ہوگئے لیکن دونوں کام کیلئے ڈٹے رہے اور فلم کی شوٹنگ مکمل کی ‘ ۔
بعد ازاں ڈائریکٹر ونود ودھو نے فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ کے تعاون کو سراہنے کیلئے انہیں ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپے کی کار تحفے میں دی ۔
ودھو ونود کی جانب سے امیتابھ بچن کو ساڑھے 4 کروڑ کی گاڑی کا تحفہ

ودھو ونود نے امیتابھ کو گاڑی دینے کی کہانی سناتے ہوئے بتایا تھا کہ’ میں اس واقعے کو کبھی نہیں بھول سکتا جب میں امیتابھ کو گاڑی تحفے میں دے رہا تھا اس وقت میری والدہ بھی میرے ساتھ تھیں اور میری والدہ نے ہی کار کی چابیاں امیتابھ کو تھمائی تھیں‘۔
ہدایتکار کے مطابق ’ بگ بی کو گاڑی کی چابی دینے کے بعد میری والدہ میری گاڑی میں آکر بیٹھ گئیں، اس وقت میرے پاس ڈرائیور بھی نہیں تھا، اس لیے میں گاڑی خود چلا رہا تھا، والدہ نے مجھ سے سوال کیا کہ تم خود گاڑی کیوں نہیں لیتے؟
ودھو ونود کے مطابق میں نے والدہ کو کہا کہ ‘جب وقت آئے گا میں گاڑی لے لوں گا، جس پر انہوں نے اندازہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’11 لاکھ کی تو ہوگی’ اور میں ہنس پڑا کیونکہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ یہ 4.5 کروڑ روپے ہے۔
ہدایتکار نے بتایا کہ ’جب میں نے والدہ کو امیتابھ کو دی گئی گاڑی کی قیمت بتائی تو انہوں نے مجھے بے وقوف کہتے ہوئے ایک تھپڑ مارا، وہ میں کبھی نہیں بھول سکتا کیونکہ پیسہ کیا ہے اگر یہ آپ کو خوشی نہیں دے سکتا‘۔
فلم ایکلویہ: دی رائل گارڈ
واضح رہے کہ 2007 کی فلم ایکلویہ: دی رائل گارڈ کی کاسٹ میں امیتابھ بچن، سیف علی خان، سنجے دت اور ودیا بالن شامل تھے اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہو سکی تھی لیکن اس نے ناقدین کی تعریف حاصل کی اور فلم آسکر میں بھارت کی آفیشل انٹری بھی بنی تھی۔
Leave a Reply