ہیوسٹن: امریکا میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا سالانہ ہیوسٹن افطار ڈنر شاندار اور منظم انداز میں منعقد کیا گیا جس میں2 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
یہ افطار ڈنر مسلم سسٹر سٹیز ابو ظہبی، باکو، بصرہ، استنبول اور کراچی کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے جبکہ Islamic Society of Greater Houston، اسماعیلی کونسل، بورا جماعت اور50 سے زائد دیگر تنظیمیں بھی اس میں شریک ہوتی ہیں۔
تقریب کے انتظامات میں200 سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا، افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے تمام رضاکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت اور تعاون کی بدولت یہ افطار ڈنر انتہائی منظم انداز میں منعقد کیا جا سکا۔
اس تقریب میں دنیا کے20 سے زائد ممالک کے قونصل جنرل اور مختلف منتخب عہدیداروں نے شرکت کی، اس کے علاوہ بین الاقوامی اداروں جیسے World Affairs Council اور Medical Bridges سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جو اس تاریخی تقریب میں پہلی بار دیگر منتخب عہدیداروں کے ساتھ موجود تھے۔
امریکی کانگریس کے رکن Al Green(جو ہر سال اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں) نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ افطار ڈنر مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب مختلف کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کو فروغ دیا جاتا ہے، جو امریکی معاشرے کی اصل روح ہے۔
ہیوسٹن کے میئر John Whitmire نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہر ہیوسٹن مسلم کمیونٹی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس افطار ڈنر نے کمیونٹی کے اتحاد اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا ہے۔
افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ (جو گزشتہ15 برس سے اس تقریب کو منظم کر رہے ہیں)نے کہا کہ یہ افطار ڈنر ایک تاریخی اور منفرد ایونٹ بن چکا ہے، انہوں نے سید جاوید انور کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو گزشتہ 15 برس سے اس تقریب کے گرینڈ اسپانسر ہیں، جبکہ دیگر تمام تنظیموں اور رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر امام محمد حق نے رمضان المبارک کی روحانیت اور اس کے پیغام پر خطاب کیا، ترک کمیونٹی کے امام مصطفیٰ یگت نے اذان دی اور تلاوت کلام پاک کی، جبکہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے قرآن پاک کی تلاوت کی، مغرب کی نماز مفتی عبدالستار قادری صدیقی نے پڑھائی۔
تقریب میں شریک افراد نے انتظامات کو سراہتے ہوئے ٹیم پورا ریسٹورنٹ اور پروڈکشن ٹیم کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی خدمات سے یہ افطار ڈنر کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔


























Leave a Reply