امریکا نے قطر سے بطور تحفہ ملنے والا لگژری طیارہ وصول کرلیا، ائیرفورس ون کے طور پر استعمال ہوگا


 

امریکا نے قطر سے بطور تحفہ ملنے والا لگژری طیارہ وصول کرلیا، ائیرفورس ون کے طور پر استعمال ہوگا

فوٹو: فائل

امریکی محکمہ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا ایک لگژری بوئنگ 747 طیارہ صدر ٹرمپ کے نئے ائیر فورس ون کے طور پر استعمال کے لیے قبول کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق محکمہ دفاع نے بتایا کہ امریکی ائیرفورس سے کہا گیا ہے کہ وہ طیارے کو جلد از جلد ائیرفورس ون کے طور پر استعمال کے قابل بنانے کا انتظام کرے۔

پینٹاگون کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے 400 ملین ڈالر مالیت کا یہ طیارہ سرکاری طور پر وصول کیا، جو امریکی صدر کے سرکاری طیارے کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پرنیل نے کہا کہ محکمہ دفاع ’طیارے میں سکیورٹی اور مشن سے متعلق ضروری تکنیکی تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا‘۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قطرکے شاہی خاندان کی جانب سے پیش کیے گئے اس طیارے کو ’ائیر فورس ون‘ میں تبدیل کرنے کے لیے کئی سکیورٹی اپ گریڈز، حساس مواصلاتی نظام، اور میزائل حملوں سے بچاؤ کی صلاحیت جیسے عوامل شامل کرنا ہوں گے، جن پر بھاری لاگت آ سکتی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بوئنگ کمپنی کو 2018 میں امریکی حکومت کی جانب سے دو نئے ائیر فورس ون طیارے تیار کرنے کا 3.9 ارب ڈالر کا آرڈر ملا تھا لیکن اس منصوبے میں شدید تاخیر ہوئی ہے اور طیاروں کی لاگت 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

خیال رہے کہ اپنے دورہ مشرق وسطیٰ سے قبل امریکی صدر ٹرمپ قطر سے لگژری طیارہ بطور تحفہ قبول کرنے پر رضامند ہوگئے تھے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ محکمہ دفاع کو 747 طیارہ کسی معاوضے کے بغیر بطور تحفہ مل رہا ہے، یہ طیارہ عارضی طور پر 40 سال پرانے ائیرفورس ون طیارے سے تبدیل ہوگا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *