امریکا میں شدید ترین برفانی طوفان کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہفتے کے روز سے اب تک 19 ہزار پروازیں بھی منسوخ کی جاچکی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق خراب موسمی حالات کے باعث سڑکوں پر سفر سے گریز کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
طوفان کے باعث ٹیکساس سے نیو انگلینڈ تک وسیع علاقے میں برف باری، ژالہ باری اور بارش ہورہی ہے جبکہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے بتایا کہ اتوار کے روز 5 افراد کھلے آسمان تلے مردہ پائے گئے۔
ٹیکساس میں حکام نے 3 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، ریاست لوویزیانا میں 2 افراد ہائپوتھرمیا کے باعث ہلاک ہوئے۔ریاست آئیووا کے جنوب مشرقی علاقے میں سخت موسم کے باعث ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق برفانی طوفان کے باعث پیر تک 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم رہے جن میں زیادہ تر جنوبی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں طوفان ہفتے کے روز شدید ہوا۔
ٹیکساس سے لے کر نارتھ کیرولائنا اور نیویارک تک حکام نے شہریوں کو خطرناک حالات کے باعث گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
طوفان کے باعث کم از کم 20 امریکی ریاستوں اور وفاقی دارالحکومت واشنگٹن میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
واشنگٹن، فلاڈیلفیا اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈوں پر تقریباً تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق ہفتے سے اب تک اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی 19 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

























Leave a Reply