افواج پاکستان کی کشمیریوں کےحقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت


یومِ استحصال کشمیر: افواج پاکستان کی کشمیریوں کےحقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت

فوٹو: فائل

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 6 برس مکمل ہوگئے، آج سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یومِ استحصال منائیں گے۔

یومِ استحصال کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان کشمیریوں کےحقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتی ہیں۔

مسلح افواج ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ائیر اسٹاف کی جانب سے  بھی مقبوضہ کشمیر کے   عوام سے یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیریوں کی جدوجہد بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے، بھارتی سکیورٹی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضہ بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کی کوششیں بھی بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں،  بھارت کے جابرانہ اقدامات، اشتعال انگیز بیانات خطے میں عدم استحکام بڑھا رہے ہیں، بھارتی جارحانہ اقدامات خطے میں انسانی المیے کو طول دے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں امن کا قیام جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پر امن حل کے بغیر ممکن نہیں،  جموں و کشمیر تنازع کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہو۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج مقبوضہ جموں کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں،  مسلح افواج کشمیریوں کی حق و آزادی کی جائز جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

وزیراعظم کا یوم استحصال پر پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کا  آبادیاتی و سیاسی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے، یومِ استحصال بھارتی بربریت اور امن دشمنی کی سنگین یاد دہانی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کا کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور شناخت سے انکار علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔

صدرمملکت کا یوم استحصال کشمیر پر پیغام

صدر آصف علی زرداری نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو کمزور کرنا تھا، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی ساخت اور سیاسی نقشے کو بدلنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔

صدر مملکت نے کہاکہ  من مانی حلقہ بندیاں، غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنا بھارتی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جبر و استبداد میں اضافہ کر دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے ہی وطن میں بے اختیار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،  مقبوضہ کشمیر کے عوام دھمکیوں، بلاجواز گرفتاریوں اور محاصروں کا شکار ہیں۔پاکستان کشمیریوں کے جائز حقوق کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *