اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے افغانستان کی جانب سے دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پر حملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔
ایاز صادق نے افغان جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر جوابی کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے اور خطے کے امن کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور افغانستان بھارت کی ایما پر پاکستان کےخلاف دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پرحملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے، لیکن پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ افغانستان دہشتگردوں کی آماج گاہ بنا ہوا ہے، پاکستان نے ہمیشہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے مسائل کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان کے تحمل اور برداشت کو کوئی کمزوری نا سمجھا جائے۔
واضح رہے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، پاک افواج کے حملوں میں افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 27 افغان چوکیاں بھی مکمل تباہ کر دی گئیں۔






















Leave a Reply