گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یا پشاور بند کرنے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا ختم نہیں ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کہتی تھی دہشت گردوں کے دفاتر قائم کریں، لیکن ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے بات چیت نہیں ہو گی، کیا کسی ملک میں پاکستانی بغیر ویزے کے رہ سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ سیاسی مذاکرات مسلم لیگ ن کے بغیر نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کی بات اچھی ہے، جب ہم کہتے تھے تو پی ٹی آئی والے کہتے تھے ہم آپ کے ساتھ ہاتھ بھی نہیں ملانا چاہتے، آج پی ٹی آئی امپورٹڈ اپوزیشن لانا چاہتی ہے۔
گورنر کے پی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی بتائے مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی کے بارے میں وہ کیا کہتے تھے؟سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے خواہشمند راجہ ناصر عباس بتائیں کُرم میں ہونے والے ظلم پر بات کیوں نہیں کرتے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اسلام آباد یا پشاور بند کرنے سے بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں وی وی آئی پی قیدی ہیں، نہیں چاہتا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو اُن کی خواہش تھی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھے ہوتے ہیں، انہیں اپنے صوبے میں بیٹھنا چاہیے اور عوام کے مسائل کو حل کرنا چاہیے، صوبہ 13 سال سے کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے۔






















Leave a Reply