
اسرائیلی فوج نے غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر حملہ کیا اور اس حملے میں حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔
حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے دعوے پر تاحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
ادھر غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج نے ایک دن میں مزید 77 فلسطینیوں کو شہید کردیا، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں امداد کے منتظر 19 افراد بھی شامل تھے۔
7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 59 ہزار 835 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ میں قحط کی صورتحال برقرار ہے جہاں بھوک کی شدت سے مزید 10 فلسطینی دم توڑ گئے، فلسطینی حکام نے عالمی برادری سے امداد کی بحالی میں رکاوٹ بننے والی اسرائیلی فوج کے خلاف اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب غزہ میں فوجی آپریشن کی توسیع کے منصوبے پر برطانیہ نے اسرائیلی حکام کو لندن دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Leave a Reply