
گزشتہ روز بنگلادیش کے تاریخی دورے پر پہنچنے والے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلا دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا یر جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جن میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں تعاون اور انسانی ہمدردی کے مسائل شامل تھے۔
ملاقات میں سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا کے مسئلے کے حل سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلا دیش کے مشیر تجارت سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیر تجارت جام کمال خان کے ہمراہ آج بنگلا دیش کے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اعلیٰ حکام اور بنگلا دیشی تجارتی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے، گورنر بنگلادیش بینک، ایگزیکٹو چیئرمین بنگلادیش انویسٹمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن، چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایکٹنگ وائس چیئرمین ایکسپورٹ پروموشن بیورو، بنگلا دیش کے سیکرٹریز کامرس و ایوی ایشن، چیئرمین نیشنل بورڈ آف ریونیو بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
Leave a Reply