پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار منیب بٹ نے بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کیے جانے والے بزدلانہ حملوں پر سخت ردعمل دیا ہے۔
اداکار منیب بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بھارتی جارحیت پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکار نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، مدرسے میں معصوم بچوں اور اس پاس رہنے والے غریب لوگوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے بارے ایک بات مشہور ہے، ہم قرض اور ادھار کسی کا نہیں رکھتے، سود سمیت واپس کرتے ہیں۔
منیب بٹ نے پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی عوام سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں، یہ وقت سیاسی مخالفت میں ایک دوسرے سے لڑنے کا نہیں، ہم پر ایک بیرونی طاقت نے حملہ کیا ہے، اس وقت سارے متحد ہو جائیں اور ایک آواز ہوکر پیغام دیں کہ پاکستانی عوام کسی سے نہیں ڈرتی۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک نیوکلیئر پاور ہے، ایٹمی ہتھیار رکھنے والا واحد اسلامی ملک ہے، بھارت کو اندازہ نہیں ہے کہ اس نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈالا ہے، جو حملہ انہوں نے کیا ہے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہماری بھارتی عوام کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، بھارت کی موجودہ لیڈرشپ کے اسلام مخالف مائنڈ سیٹ کیخلاف ہماری جنگ ہے، جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ باقی رہے گا ہم اس سوچ کیخلاف جنگ لڑتے رہیں گے اور یہ جنگ ہم ہی جیتیں گیں، پاکستان زندہ باد، پاکستان آرمی پائندہ باد۔
پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، شکست تسلیم کرلی
واضح رہے بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد بھی شہید ہوئیں۔
بھارت کے حملوں کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب پاک فوج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور دو ڈرون تباہ کر دیے جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کے بھرپور اور تابڑ توڑ حملے کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات پر سفید جھنڈے لہرا کر اپنی شکست تسلیم کی۔
Leave a Reply