
کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کا ماضی میں دیا گیا ایک انٹرویو وائرل ہوگیا۔
پاکستانی رئیلیٹی شو ‘تماشا گھر’ کے پہلے سیزن میں شرکت کرنے والی حمیرا نے اپنی زندگی میں انڈیپینڈنٹ اردو کو دسمبر 2022 میں ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جو اب سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔
دوران انٹرویو مرحومہ نے اپنے گھر والوں سے متعلق تفصیلات شیئر کیں اور’میں ہمیشہ اپنے بڑوں کو اپنے ساتھ لے کر چلی ہوں، میرا میری امی ابو اور گھر والوں سے بہت اچھا تعلق ہے، اگر میں ان سے ملنے مہینوں گھر نہیں جاتی تو میری امی سے میرا رابطہ رہتا ہے‘۔
حمیرا نے بتایا تھا کہ ’میری امی کو سب پتا ہوتا ہے میں کون سا ڈرامہ کررہی ہوں، کس پروجیکٹ میں مصروف ہوں یا کہاں سفر کررہی ہوں، فیملی کی سپورٹ بہت ضروری ہوتی ہے، کیرئیر کی شروعات میں والدہ نے ٹوکا کہ ابو ناراض ہوں گے کہ گھر میں سب ڈاکٹرز ہیں تو تم کیوں آرٹ کی طرف جارہی ہو لیکن بعد میں جب انہوں نے دیکھا کہ بیٹی میں ٹیلنٹ ہے تو کچھ نہیں کہا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے آغاز میں مسئلہ ہوا لیکن بعد میں سب چیزیں میری منشا کے مطابق ہی ہوئیں‘۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا لیکن وہ کراچی شہر میں مقیم تھیں، پولیس نے ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد سردخانے منتقل کردیا ہے اور مرحومہ کے لواحقین سے رابطہ ہوگیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا ، 2024 سے کرایہ نہ دینے پر مالک نے کیس کررکھا تھا، پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ لاک تھا، پولیس دروازہ توڑ کر داخل ہوئی تو خاتون کی لاش ملی۔
واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ سیل کردیا جب کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
Leave a Reply