ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ڈپٹی کمشنرساؤتھ کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے۔
انتظامیہ نے امریکی قونصل خانے کی طرف جانے والی سڑکیں بند کردیں ۔ قونصل خانے کے سامنے پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو آگ لگادی گئی۔
اس سے قبل آئی آئی چندریگر روڈ پر سینٹرل پولیس آفس کے قریب ریلی پر شیلنگ کی گئی۔
سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں مظاہرین نے امریکن قونصل خانے کے بیرونی سکیورٹی حصار کو عبور کرکے اندر توڑ پھوڑ کی، تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔
دوسری جانب لاہور میں مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مظاہرین کے احساسات کو سمجھا جائے اور ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے، وزیراعلی نے انتظامیہ کو مظاہرین کےلیے افطار کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں مظاہرین کے درمیان پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایران اور پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے عوام کے لیے سوگوار دن ہے ، آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کا ہر شہری اسی طرح غم زدہ ہے ، جس طرح ایران کے شہری غم کی کیفیت سے دوچار ہیں، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔
پشاور میں بھی مظاہرین کو امریکی قونصلیٹ جانےسے پولیس نے روک دیا۔گلگت بلتستان میں بھی امریکا مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی امریکا اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئيں۔
امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور میں امریکی قونصلیٹس پر مظاہروں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ اسلام آبادایمبیسی اورپشاور قونصلیٹ پرمزیدمظاہروں کی کالز پربھی نظر رکھی ہے، پاکستان میں امریکی شہری باخبر رہیں، سکیورٹی کا خیال رکھیں اور ہجوم میں جانےسےگریز کریں۔


























Leave a Reply