کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی( این سی سی آئی اے) نے آن لائن انویسٹمنٹ کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے والے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 غیرملکی اور 19 پاکستانی شہری گرفتار کرلیے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی بڑی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر منظم آن لائن فراڈ گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی ہے۔
پریس کانفرنس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز بھی وزیرِ داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں کو بڑے منافع کا لالچ دیتے، جعلی لاگ اِن دکھا کر انہیں اصل انویسٹمنٹ پورٹل کا یقین دلاتے تھے، جبکہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منافع ظاہر کیا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج، 6 غیر قانونی گیٹ ویز، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز، ہزاروں انٹرنیشنل سمز، 37 کمپیوٹرز اور 40 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کے مطابق گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز ون اور فیز سکس سے عمل میں آئیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم تکنیکی بنیادوں پر مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے این سی سی آئی اے کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو آن لائن فراڈ سے محفوظ بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔























Leave a Reply