’ آرمی چیف کو قتل کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے‘، پاکستان نے برطانیہ سے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگز کیخلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا


حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت کو خط لکھ کر سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے ہوم آفس کو خط لکھ دیا،  خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسی ویڈیو زیرگردش ہیں جس میں آرمی چیف کو قتل کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے، یہ مواد نہ بیان بازی اور نہ ہی سیاسی ہے، یہ واضح طور پر اقوام متحدہ کے رکن ملک کی اعلیٰ فوجی شخصیت کے قتل پر اکساتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک پلیٹ فارمز سے مسلسل انتشار، تشدد کی کالز دی جا رہی ہیں، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ، قتل اور تشدد کی کالز دینے والوں کو شناخت اور تحقیقات کرکے ان کے خلاف مقدمہ چلائے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس سے منسلک پلیٹ فارمز کے پاکستان میں تشدد، نفرت اور بڑے پیمانے پر بےامنی پھیلانے کی تحقیقات کی جائے، پاکستان میں تشدد پر اکسانے اور بے امنی پھیلانے پر پی ٹی آئی پرفیصلہ کن قانونی وانتظامی کارروائی کی جائے جس میں اس پرپابندی بھی شامل ہو۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف تشدد، بےامنی اور دہشت گردی کو ہوا دینے کیلئے استعمال نہ ہو، یہ معاملہ برطانیہ کی انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی قانون اورذمہ دار ریاستی طرز عمل کیلئے عزم کا امتحان بھی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی خاموشی کو غیر جانبداری نہیں سمجھا جائے گا اور اس کے باہمی اعتماد اور تعاون پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور توقع ہے کہ اس معاملے سے فوری قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *