27 ویں ترمیم سے متعلق جہاز نے اڑان بھرلی ہے، منظوری کیلئے نمبر زیادہ ہی ہیں: فیصل واوڈا


27 ویں ترمیم سے متعلق جہاز نے اڑان بھرلی ہے، منظوری کیلئے نمبر زیادہ ہی ہیں: فیصل واوڈا

فضل الرحمان اگر ترمیم کے وقت آجاتے ہیں تو اچھی بات ہے، وہ پاکستان کی اہم شخصیت ہیں: سینیٹر کی جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کے بعد گفتگو— فوٹو: اسکرین گریب

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم سے متعلق جہاز نے اڑان بھرلی ہے، منظوری کیلئے نمبر زیادہ ہی ہیں

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سینیٹر فیصل واوڈا نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا  کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، ان سے ملاقات کے بعد ہمیشہ مثبت جاتا ہوں، وہ مضبوط سیاستدان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم پر مولانا فضل الرحمان اپنا فیصلہ کریں گے، نمبرز کی بات نہیں، پاکستان کی بقا اور سلامتی کی بات ہے، مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان سے ستائیسویں ترمیم کی شقوں پر بات ہوئی اور انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کی شقوں کو دیکھوں گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ ترمیم کی منظوری کیلئے نمبر زیادہ ہی ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نمبروں پر بات نہیں ہوئی، ان کے ساتھ تعلق قائم رہےگا، سیاستدان سیاست کر سکتا ہے تو جج، پولیس والا کیوں نہیں کام کرسکتا؟ 18ویں ترمیم کو ختم نہیں کیا جارہا، ایک دوسرے سے مشاورت کیساتھ ترمیم پر نظرثانی ہوجاتی ہے، 243 میں صرف زمینی جنگ نہیں، سائبرگلوبل اکنامک جنگ بھی شامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو 27 ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لینا چاہیے، پی ٹی آئی اگر اچھی سیاست کرتی ہے تو بالکل اعتماد میں لینا چاہیے، افواجِ پاکستان کو مضبوط کریں گے تو پاکستان کا دفاع مضبوط ہوگا، پی ٹی آئی نے اچھی سیاست کرنی ہے تو ترمیم پر بات کریں، اگر پی ٹی آئی نے منفی سیاست کی تو پھر چھلیاں کھائیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان اگر ترمیم کے وقت آجاتے ہیں تو اچھی بات ہے، مولانا فضل الرحمان پاکستان کی اہم شخصیت ہیں، میں حکومت کا کام نہیں کررہا، اپنا کام کرنے آیا ہوں اور 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق جہاز نے اڑان بھرلی ہے جس جگہ پر نمبر چاہیے مل جائیں گے، آصف زرداری سیاست کے بڑے کھلاڑی ہیں، باپ بیٹے کا زبردست کمبی نیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی پر ایک مسئلے کی وجہ سے پابندی عائد ہوئی ہے، پولیس کے سامنے کچھ ہوگا تو ری ایکشن پر پھینٹا بھی لگے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی تیاری شروع کردی ہے، 27 ویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 243 میں ترمیم ہوگی جس کا مقصد آرمی چیف کو دیے گئے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئین میں شامل کرنا اور اسے تسلیم کرنا ہے۔

مجوزہ ترمیم میں آئینی عدالتوں کا معاملہ بھی شامل ہے، ايگزيکٹو کی مجسٹریل پاور کی ڈسٹرکٹ لیول پر ترسیل بھی مجوزہ ترمیم میں شامل ہوگی، اس کے ساتھ پورے ملک میں ایک ہی نصاب کا ہونا بھی ستائيسویں ترمیم کی تیاری میں زیر غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا بل آئندہ ہفتے منظور کیا جائےگا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *