
12 سال قبل ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’رانجھنا‘ کا اختتام اے آئی سے تبدیل کرکے دوبارہ ریلیز کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا، فلم کے ڈائریکٹر کے بعد فلم کے ہیرو اداکار دھنوش بھی پھٹ پڑے۔
یکم اگست کو 2013 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ‘رانجھنا’ کا افسوسناک اختتام مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیل کرکے فلم کو خوشگوار انداز میں ریلیز کیا گیا۔
آنند ایل رائے کی ہدایتکاری میں اور ایروس انٹرنیشنل کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں دھنوش اور سونم کپور نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
رانجھنا تامل اداکار دھنوش کی ڈیبیو فلم تھی جس کی کہانی ایک ہندو لڑکے کندن (دھنوش) کی گرد گھومتی ہے جو بچپن میں اپنی پڑوس میں رہنے والی مسلمان لڑکی زویا (سونم کپور) سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
بعد ازاں کندن کی محبت جوانی تک چلتی ہے لیکن زویا پڑھنے کسی اور شہر جاتی ہے جہاں اسے ایک لڑکے اکرم (ابھے دیول) سے محبت ہوجاتی ہے۔
فلم کے آخری میں کندن کی موت ہوجاتی ہے لیکن اب اے آئی سے بنائے گئے اختتام میں کندن کو زندہ دکھایا گیا اور فلم کا اختتام خوشگوار انداز میں کیا گیا۔
ایروس فلم کا ’ اکلوتا اور مکمل حقوق‘ کا مالک ہے اور ہدایتکار رائے، دھنوش اور کپور جیسے تخلیقی افراد نے اپنے معاہدوں میں مستقبل کی کسی بھی ریلیز یا ترمیم میں شرکت کے ’اخلاقی حقوق‘ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
ایروس انٹرنیشنل کی جانب سے فلم کے اختتام کو اے آئی سے تبدیل کرنے پر فلم کے ہیرو دھنوش کافی مایوس ہوئے ہیں۔
دھنوش نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رانجھنا کے اے آئی سے بدلے گئے اختتام نے مجھے شدید پریشان کردیا ہے ۔ اس متبادل اختتام نے فلم کی اصل روح کو چھین لیا۔
دھنوش نے کہا کہ یہ وہ فلم نہیں ہے جس سے میں 12 سال پہلے جڑا تھا۔ فلموں یا مواد کو اے آئی کی مدد سے بدلنا فن اور فنکاروں کے لیے تشویش ناک مثال ہے۔
اداکار نے اس عمل کو سینما کی میراث کے لیے ایک خطرہ قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے عمل کو روکنے کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ فلم رانجھنا کے ڈائریکٹر آنند ایل رائے نے اس اقدام کو غیر ذمہ دارانہ اور ایک خوفناک، غیر حقیقی تجربہ قرار دیا تھا۔
گزشتہ دنوں معروف بین الاقوامی فلم انڈسٹری جریدے ’اسکرین‘ سے بات کرتے ہوئے رائے نے کہا کہ مجھے چند دن پہلے سوشل میڈیا پ رایک اعلان سے اس بات کا پتا چلا، لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ فلم کے انجام کو کیوں بدلا جا رہا ہے، نہ مجھ سے اور نہ ہی فلم کے مرکزی اداکاروں سے اس اے آئی تبدیلی سے متعلق کوئی مشورہ لیا گیا یا بتایا گیا۔
انہوں نے بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رانجھنا کو کسی نئے انجام کی ضرورت نہیں تھی۔
Leave a Reply