اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو بتایا ہے کہ بھارت اب حملہ نہیں کریگا تو ہم بھی نہیں کریں گے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، صبر کا مظاہرہ کیا مگر بھارت کے طیارے گرانے کے بعد ان کی فرسٹریشن شروع ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہلے کسی جگہ حملہ نہیں کیا، انہوں نے جھوٹ بولا تھا اور انہوں نے پرسوں 4 میزائل مارے جن میں سے 3 بھارت میں گرے اور ایک پاکستان آیا جسے تباہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے پہل نہیں کی مگر ہماری صبر کی حد ختم ہوگئی تھی جس کے بعد جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کو کہا کہ ابھی صرف ہم نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور کہا کہ آپ بھارت کو سمجھائیں اور اب اگر بھارت اب یہاں رک جائے تو ہم رک جائیں گے، کہا کہ اگر بھارت نے پھر حملہ کیا تو پھر یہاں سے بھی جواب دیا جائیگا۔
وزیر خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہ میں نے بھارت میں بات کی ہے اور دوبارہ کروں گا، یقینی بنائیں گے وہاں سے کوئی حملہ نہ ہو کیونکہ وہاں سے حملہ ہوگا تو آپ بھی دوبارہ حملہ کریں گے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ میری دیگر ممالک کے وزرا سے بات ہوئی، سعودی وزرا بھی آئے تھے، بہت سے ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ آپ سیز فائر کریں اور رک جائیں مگر میں نے کہا ہم نے تو ابھی کچھ کیا ہی نہیں تو سیز فائر کیسا؟
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن پر میسجز بھیجے گئے (ایکسچینج ہوئے) ہیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے آج صبح ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کردیا جب کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔
اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے، پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔
Leave a Reply