واشنگٹن: یوکرینی صدر زیلنسکی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
ٹرمپ اور زیلنسکی کے میڈیا کے سامنے آئے تو ماحول ان کی گزشتہ ملاقات سے یکسر مختلف نظر آیا جو کہ جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی تھی۔
حیران کن طور پر یوکرینی صدر زیلنسکی جو یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے ہی اپنی افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے کوٹ پینٹ کی جگہ فوجی طرز کا لباس زیب تن کرنے لگے ہیں، آج کوٹ پہن کر وائٹ ہاؤس آئے۔
وائٹ ہاؤس آمد پر ٹرمپ نے یوکرینی صدر کا استقبال کیا اور اس موقع کی ویڈیو سے بظاہر یہ لگ رہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی کے لباس کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے گزشتہ ملاقات کے دوران ایک صحافی برائن گلین نے زیلنسکی کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے انہیں کہا تھا وہ اس ملک کے سب سے بڑے دفتر میں کوٹ پینٹ پہن کر نہیں آئے، کیا ان کے پاس کوٹ نہیں ہے؟
تاہم آج ہونے والی ملاقات میں برائن گلین نے زیلنسکی سے کہا کہ آج آپ اس سوٹ میں بہت اچھے لگ رہے ہیں۔
اس موقع پر امریکی صدر نے بات کاٹتے ہوئے کہا میں نے بھی صدر زیلنسکی سے یہی کہا، پھر ٹرمپ نے صحافی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صدر زیلنسکی سے کہا کہ یہ وہی ہیں جو گزشتہ ملاقات میں آپ پر حملہ آور ہوئے تھے۔
























Leave a Reply