کراچی: میونسپل ٹیکس کی وصولی کے کیس میں درخواست گزار نے عدالت میں انکشاف کیا ہے کہ کے ایم سی شہریوں سے ٹیکس کی مد میں اب تک 2 ارب 64 کروڑ روپے جمع کرچکی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کے بل کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسز سے 2 ارب 64 کروڑ روپے اب تک جمع ہوچکے ہیں، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت صرف سرکاری ادارے ٹیکس جمع کرسکتے ہیں، کوئی تیسرا فریق ریونیو جمع نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایم یو سی ٹی چارجز کا نفاذ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کی خلاف ورزی ہے، نیپرا بھی کے الیکٹرک سے کے ایم سی ٹیکس وصولی کو خلاف قانون قرار دے چکا ہے، میئر کراچی مرتضٰی وہاب عدالت کے 29 مئی 2024 کے احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل کے معاون نے عدالت کو بتایاکہ سینئر وکیل آج موجود نہیں ہیں جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔























Leave a Reply