
موذی مرض کینسر میں مبتلا ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اداکارہ انجلین ملک نے مداحوں کو صحت کے حوالے خاص محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں اداکارہ انجلین ملک نے مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا اور بیضہ دانی کے کینسر(ovarian cance ) کو ’خاموش کینسر ‘ قرار دیا۔
ویڈیو میں اداکارہ انجلین ملک نے مداحوں کو بتایا کہ’صرف 20 فیصد مریض ہی سنگین علامات کی صورت ابتدا میں اپنی بیماری کو پکڑپاتے ہیں، اس کے برعکس دوسرے مریض میری طرح تاخیر سے اس بیماری کو پکڑپاتے ہیں‘۔
اداکارہ کے مطابق اس کینسر کی علامات میں’ اپھارہ( پیٹ میں گیس )، بھوک محسوس نہ ہونا، وزن میں اچانک کمی یا اضافہ ، ماہواری میں بے قاعدگی ، بار بار پیشاپ کا آنا جیسی علامات شامل ہیں لہٰذا ن علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے، ایک سادہ سے ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کے ذریعے اس کینسر کی تشخیص کی جاسکتی ہے‘۔
اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ’ ایک سفر کے دوران مجھے اپھارہ ( پیٹ میں گیس) جیسی شکایت محسوس ہوئی تو میں نے اسے نظر انداز کردیا لیکن 2 ماہ بعد مستقل اس کیفیت کا سامنا کرنے کے بعد میں نے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جس کےبعد مجھے بیضہ دانی کے کینسر کی تشخیص ہوئی‘۔
اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ’اگر آپ میں سے کسی کو بھی اپنے جسم میں مستقل تبدیلی محسوس ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں اور وہ غلطی نہ کریں جو میں نے کی، اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیں‘ ۔
انجلین ملک کی جانب سے اپنی پوسٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس کینسر سے متعلق دی گئی تمام معلومات صرف معلوماتی مقاصد کیلئے ہے ناکہ کوئی طبی مشورہ، لہٰذا اپنی صحت کے حوالے سے طبی ماہر سے ضرور رجوع کریں‘۔
Leave a Reply