
بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں کیفے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما کے کینیڈا میں حال ہی میں کھولے گئے کیفے ‘کیپس کیفے’ کی عمارت پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، حملہ آور ایک گاڑی میں آئے اور کئی گولیاں چلانے کے بعد فرار ہو گئے لیکن خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور عمارت کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کپل شرما کا کیفے براہِ راست نشانہ تھا یا یہ فائرنگ کسی قسم کی دھمکی کے طور پر کی گئی۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہرجیت سنگھ لادی نامی شخص نے مبینہ طور پر کپل شرما کے ماضی کے تبصرے کے جواب میں گولی چلانے کا حکم دیا، ایک شو کے دوران مبینہ طور پر کامیڈین کے تبصرے ہرجیت کو ناگوار گزارے تھے۔
کیپس کیفے انتظامیہ کا ردعمل:
کیپس کیفے کے انسٹاگرام پیج پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ یہ واقعہ ہمارے لیے صدمے سے کم نہیں، ہم نے یہ کیفے محبت، پیار اور خلوص سے کھولا تھا، پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم ہار نہیں مانیں گے، مداحوں کی فکر مندی کا شکریہ اور ان تمام افراد کا شکریہ جنہوں نے خلوصِ دل سے پیغامات بھیجے۔، تشدد کے خلاف ہمارے ساتھ مل کر آواز اٹھائیں۔
خیال رہے کہ بھارتی کامیڈین و اداکار کپل شرما نے حال ہی میں یہ کیفے کینیڈا میں کھولا ہے، جسے خاصی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے، پولیس نے کیفے کے ارد گرد سکیورٹی بڑھا دی ہے اور حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
Leave a Reply