سندھ پر اثر انداز مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج سسٹم کراچی کے قریب سے گرزتے ہوئے 100ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ آج کراچی میں بارش کے 4 سے 6 اسپیل ہونے ہیں جن میں موسلادھا ر سے شدید موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے شہر میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ ستمبر کے مہینے میں بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپریشن یا ڈیپ ڈیپریشن داخل ہورہا ہے، اس کا راستہ بھی کافی پیچیدہ ہے۔
موسلادھار بارش کے پیش نظر کراچی کی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے گئے، ورک فرام ہوم پالیسی بھی نافذ کردی گئی، وائس چانسلر کے مطابق آج تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔
یاد رہے کہ شہر میں کل دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سال بھر خشک رہنے والی ملیر ندی میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔
Leave a Reply