لاہور: ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے پنجاب میں مون سون کے نویں اسپیل نے بہت تباہی مچائی، سیلاب کے ساتھ اربن فلڈنگ سے بھی نمٹنا پڑ رہا ہے۔
پنجاب میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا پنجاب میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو گئی ہے جبکہ 2200 دیہات کے 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے ساڑھے 7 لاکھ افراد اور لاکھوں مویشیوں کا انخلا کیا گیا، حکومت کی ساری توجہ انسانی جانوں کو محفوظ کرنے میں ہے۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا مون سون کے نویں اسپل نے کافی تباہی مچائی، بارش کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورتحال سے بھی نمٹنا پڑ رہا ہے، تازہ ترین بارش نے نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں حالات کو مزید خراب کیا، بارش کا پانی نکالنے کا کام سست ہو گیا ہے اور پہلے سے کھڑے پانی میں اضافہ ہو گیا ہے، بارش کے باعث پانی کی نکاسی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تینوں دریاوں میں شدید سیلابی صورتحال ہے، دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ جاری ہے، پانی کا بہاؤ دو لاکھ 11 ہزار 395 کیوسک ہو گیا ہے جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاو دو لاکھ 53 ہزار تک پہنچ چکا ہے۔























Leave a Reply