
اسلام آباد : پاور ڈویژن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر 2 ستمبر تک کی رپورٹ جاری کردی۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے علاقے سوات ، بونیر، شانگلہ، صوابی ، ڈی آئی خان کے 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 85 فیڈرز مکمل اور 6 جزوی طور پر بحال کردیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ( گیپکو) کے 10گرڈز اور 87 متاثرہ فیڈرز میں سے 82 فیڈرز مکمل اور 5 جزوی طورپربحال کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو)میں لاہور ، اوکاڑہ، شيخوپورہ، قصور، ننکانہ کے 62 متاثرہ فیڈرز میں سے43 جزوی بحال کیے گئے ہیں، لیسکو کے علاقوں میں مکمل بحالی 2 ستمبر سے 5 ستمبر تک متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کے ٹی ٹی سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈی آئی خان کے 26 گرڈ اور76 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، فیسکو کے متاثرہ فیڈرز میں سے 72 فیڈرعارضی طور پر بحال کردیے ہیں۔
ادھر ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) کے زیرِانتظام علاقوں میں 126 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کردیے ہیں، میپکوکے علاقوں میں پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرزکی مکمل بحالی کا کام شروع ہوجائے گا۔
پاور ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی (ٹیسکو) کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 10 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، ٹیسکو کا 1 فیڈر مکمل اور 4 فیڈر عارضی طور پر بحال ہیں۔
مزید برآں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیزکو) کے زیرِانتظام مانسہرہ کے 3 متاثرہ فیڈر میں سے 2 مکمل طور پر بحال ہیں، مجموعی طور پر ہیزکو کے 48گرڈ اور 455 متاثرہ فیڈرز میں سے 170 مکمل جب کہ 256 عارضی طور پر بحال کردیے گئے ہیں۔
Leave a Reply