
اسلام ٓآباد: چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے وزیر خا رجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے دیرپا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا چین پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت سے دیرپا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی حل پر زور دیا۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ کی بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے بھی گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں اور کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مشیر بھارتی قومی سلامتی اجیت ڈوول نے وزیرخارجہ وانگ ژی سے گفتگو میں بتایا کہ پہلگام حملے میں بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی، بھارت کو دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرنا پڑی۔
ڈوول نے مزید بتایا کہ جنگ بھارت کا انتخاب نہیں تھا، بھارت اور پاکستان جنگ بندی کیلئے پرعزم ہی۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین پہلگام حملے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، بھارت و پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں انہیں امن و استحکام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔
آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ائیر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کیا، بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ائیر فیلڈز بھی تباہ کیں۔
پاکستانی فتح 1 میزائل سسٹم کے ذریعے متعدد بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا، آدم پور میں پاک فوج نے جے ایف 17 تھنڈر سے بھارتی ائیر بیس پر ہائپر سونک میزائل سے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400 تباہ کردیا۔
پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جندی بندی ہوگئی۔
Leave a Reply