
پاکستان کے ہاتھوں بھارتی لڑاکا رافیل طیارے کی تباہی کی خبر اور تصویر بھارتی سرکار نے اپنے میڈیا سے ہٹوا دی۔
گزشتہ روز شب پاک فوج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔
تاہم اب فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔
فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ فرانسیسی ساختہ جدید جنگی طیارےکو کسی لڑائی میں نقصان پہنچا ہو۔
بھارتی سرکار رافیل طیارے کی تباہی کی خبریں ہٹوانے لگی
دلچسپ بات یہ ہے کہ مودی سرکار پاکستان کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد اپنے میڈیا کو دبانے لگی اور پنجابی اخبار ’پنجابی جاگران‘ کی ویب سائٹ پر شائع رافیل طیارہ تباہی کی خبر ہی ہٹوادی، اس خبر کے ساتھ تباہ طیارے کی تصویر بھی موجود تھی۔

خبر کے مطابق بھارتی فضائیہ کا طیارہ صبح سویرے بھارتی پنجاب کے بٹھنڈہ ضلع کے گاؤں اکلیہ کالا میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔

اہم بات یہ ہے کہ اس کے ساتھ جو تصویر شائع کی گئی وہ تباہ شدہ رافیل طیارے کی تھی جس پر اس کا رجسٹریشن نمبر BS001 درج ہے۔ اب یہ خبر بھارتی اخبار پر موجود نہیں اور اس لنک پر دوبارہ مین صفحے پر جانے کا کہا جا رہا ہے۔

قبل ازیں بھارتی روزنامہ “دی ہندو” نے باضابطہ طور پر یہ خبر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر گرے ہوئے طیاروں کی تصاویر کے ساتھ شیئر کی تاہم کچھ دیر بعد یہ خبر ہٹالی۔
بعد میں ایک بیان میں اخبار نے کہا وہ یہ خبر اس لیے ہٹا رہے ہیں کہ انہیں بھارتی حکومت نے ان طیاروں کے مار گرائے جانے کے بارے میں نہیں بتایا لہٰذا وہ اس خبر سے پیدا شدہ کنفیوژن پر معذرت خواہ ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے اخبار پر دباؤ ڈال کر ٹوئٹ ڈیلیٹ کروائی۔
Leave a Reply