
امریکا کی نامور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر اپنے دوست فٹبال پلیئر ٹریوس کیلسی ‘Travis Kelce’ سے منگنی کا اعلان کیا جس کے بعد یہ خبر عالمی میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔
گلوکارہ کی پوسٹ میں انہیں ٹریوس کیلسی کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے، پوسٹ کے کیپشن میں ٹیلر سوئفٹ نے لکھا کہ آپ کی انگلش ٹیچر اور جم ٹیچر شادی کر رہے ہیں۔ شیئر کی گئی تصاویر میں انگوٹھی کی جھلک بھی شامل تھی، جس نے سب کی توجہ حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق ٹریوس کیلسی نے ٹیلر سوئفٹ کے لیے خصوصی ڈائمنڈ کی رنگ ڈیزائن کروائی۔
امریکی میگزین ووگ کے مطابق یہ انگوٹھی گول اولڈ مائن ڈائمنڈ پر مشتمل ہے، جو پیلے سونے میں بیزل سیٹ کی گئی ہے۔
انگوٹھی کا ڈیزائن کیلسی نے آرٹیفیکس فائن جیولری کی کنڈرڈ لوبیک کے ساتھ مل کر تیار کیا، یہ جیولری برانڈ اپنے لگژری ڈیزائنز کے لیے جانا جاتا ہے جن کی قیمت 33 ہزار 600 ڈالر تک ہوتی ہے۔
اولڈ مائن کٹ ڈائمنڈز کی خاص پہچان اس کے گول کونے اور چوڑے پہلو ہیں، جب کہ ہر ڈائمنڈ منفرد ہوتا ہے۔
جیولری کمپنی وی آر اے آئی کے مطابق یہ ڈائمنڈز مربع شکل کے ہوتے ہیں، ان میں 58 پہلو شامل ہوتے ہیں اور انہیں ان کی چھوٹی ٹیبل، بڑی کولٹ اور اونچے کراؤن سے پہچانا جاتا ہے۔
جیولری محقق بینجمن خوردیپور نے انکشاف کیا کہ سوئفٹ کو جس انگوٹھی سے پروپوز کیا گیا وہ تقریباً آٹھ کیرٹ کی شاندار اینٹیک کشن کٹ ڈائمنڈ ہے، جس کا رنگ ایف اور کلیریٹی وی ایس ون ہے۔
خوردیپور کے مطابق اس انگوٹھی کی قیمت تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر لگائی جا رہی ہے۔
ماہرین کی جانب سے اس انگوٹھی کی مختلف قیمتیں لگائی جارہی ہیں، کوئی اس کی قیمت ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ ڈالر کے درمیان بتارہا ہے تو کوئی 5 لاکھ ڈالر تک کہہ رہا ہے۔
Leave a Reply