
نیو یارک: اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ڈوروتھی شیا نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے قطری وزیراعظم کویقین دلایا ہےکہ اسرائیلی حملے جیسا اقدام دوبارہ نہیں ہوگا۔
قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملوں کے معاملے پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بات کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ صدرٹرمپ نے امیر قطر اور قطری وزیراعظم کویقین دلایا ہےکہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا۔
ڈوروتھی شیا نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ سے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان کویقین ہےکہ یہ امن کی جانب ایک موقع ہوسکتا ہے۔
امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا یرغمالیوں کی رہائی، جنگ کےخاتمے اور انسانی امدادکی فراہمی کے لیےکام کرتا رہے گا۔
دوسری جانب برطانوی مندوب نے خطاب میں کہا کہ برطانیہ قطرکےساتھ غیرمتزلزل حمایت کا اظہار اور دوحہ پراسرائیلی حملےکی مذمت کرتا ہے، یہ حملہ قطرکی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر پر حملہ علاقائی کشیدگی میں اضافے اور جنگ بندی مذاکرات کے لیے خطرہ ہے، قطر، امریکا اور مصرکی غزہ جنگ بندی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
برطانوی مندوب کا کہنا تھا کہ حماس تمام یرغمالیوں کو رہا اورسیزفائرڈیل پر فوری دستخط کرے، حماس غیرمسلح ہو، غزہ کے مستقبل میں حماس کوئی کردارادا نہیں کرسکتی جب کہ اسرائیلی حکومت کاغزہ میں توسیعی آپریشن کا فیصلہ بھی غلط ہے، اسرائیل کو چاہیے کہ آپریشن پر فوری طور پر نظرثانی کرے۔
ادھر غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا تاہم اس حوالے سے یو اے ای اور اسرائیلی وزارت خارجہ کا فوری طورپرکوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کرکے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا تھا تاہم حماس کی مرکزی قیادت اس حملے میں محفوظ رہی تھی۔
Leave a Reply