وزیر اعظم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد


وزیر اعظم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیرکو چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسزکی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی سے ملک کا دفاع مزید بہتر ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق میں شاندارکامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے چیف آف ائیراسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کوبھی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع پرمبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکی قیادت میں پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی ہوائی جہاز  تباہ کیے، ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی وخوشحالی کے لیے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے، ملک کے دفاع کو مل کر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

صدرمملکت نے ائیرچیف مارشل ظہیر احمد سدھو کی مدت ملازمت میں بھی 2 سال کی توسیع کی منظوری دی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *