نیپا واقعے پر بچے کے لواحقین سے معافی مانگتا ہوں، بطور میئر کامیاب نہیں ہوسکا: مرتضیٰ وہاب


نیپا واقعے پر بچے کے لواحقین سے معافی مانگتا ہوں، بطور میئر کامیاب نہیں ہوسکا: مرتضیٰ وہاب

فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نیپا پر بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر کہا ہے کہ کراچی کی پوری انتظامیہ کی طرف سےمعافی کا طلب گار ہوں۔

میئرکراچی مرتضٰی وہاب بچےابراہیم کےگھر جاکر  بچےکےاہلخانہ سےدلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

میئر کراچی کے ترجمان کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی جو بھی کوتاہی کا مرتکب پایا گیا اس کےخلاف کارروائی کی جائےگی اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچاؤ کے لیے منظم اقدامات کیے جائیں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ انہوں نےجاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین سے معافی مانگی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ افسوسناک واقعہ ننھے ابراہیم کے ساتھ پیش آیا، ابراہیم کی والدہ کی چیخوں پر میرے پاس الفاظ نہیں، میں بچے کے گھر والوں سے معافی مانگتاہوں، بطور میئر کامیاب نہیں ہوسکا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شاہ فیصل کالونی میں ابراہیم کےگھر پرگیا اور والد، دادا اور خاندان سے ملاقات کی، ابراہیم کے دادا نے خواہش کی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ کسی اور کے ساتھ ایسا نہ ہو۔

میئر کراچی کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے  واقعے کے حوالے سے صبح اجلاس بلایا تھا، ہم نے سیوریج کارپوریشن کے متعلقہ انجینئر،کے ایم سی کے متعلقہ سینیئر ڈائریکٹر ، ضلعی مختیار کار اور اسسٹنٹ کمشنر  سمیت ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی ایس پی کو بھی معطل کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ اتوار کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے 3 سالہ بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو والدہ کے ساتھ شاپنگ سینٹر سے نکلتے اور پھر والد کی طرف دوڑتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اس دوران بچہ کھلے مین ہول میں جاگرا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *