
واشنگٹن : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں امریکی صدر نے بھارت کو تیل اور گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کو دو روزہ دورے پر امریکا پہنچے، ان کے ساتھ 7 رکنی وفد بھی آیا۔
واشنگٹن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور ٹیسلا کمپنی کے سربراہ ایلون مسک سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر مسک کے 3 کمسن بچوں سمیت صرف فیملی موجود تھی۔
بعد ازاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی ، ہمارے پاس بہت تیل اور گیس ہے جو بھارت کو دے سکتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی بھارت میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں،بڑے لیڈر ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر بھارت کی طرف سے مبارک باد دیتا ہوں، خوشی ہے کہ دوبارہ ٹرمپ کے ساتھ کام کا موقع مل رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ یہاں آتے ہی ٹرمپ نے احمد آباد نمستے ٹرمپ کی یاد دلا دی ، یقین ہے کہ ٹرمپ کے دوسرے دور میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات پر اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے، آنے والے چار سال میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ رفتار سے کام کریں گے۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملنے کا مقصد ایک اور ایک دو نہیں ایک اور ایک گیارہ ہوتا ہے ، ٹرمپ سے ایک بات سیکھی ہے کہ وہ قومی مفاد کو ترجیحات میں سرفہرست رکھتے ہیں، خوشی ہے کہ ٹرمپ نے جنگ ختم کرنے کے لیے پیوٹن سے بات کی ، بھارت نیوٹرل نہیں بھارت کا اپنا مؤقف ہے اور ہمارا مؤقف امن ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ روسی صدر سے کہا تھا کہ یہ وقت جنگ کا نہیں امن کا ہے ، شروع دن سے مؤقف ہے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں مذاکرات ہیں۔
اس سے قبل مودی کی ایلون مسک سے ملاقات میں انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک کی جنوبی ایشیا مارکیٹ میں فراہمی پر بات چیت ہوئی۔
Leave a Reply