ممکن ہے امریکا ‘اسرائیل ایران جنگ’ میں شامل ہوجائے: ٹرمپ


ممکن ہے امریکا اسرائیل ایران جنگ میں شامل ہوجائے: ٹرمپ

فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں شامل ہوسکتا ہے۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کی سینیئر صحافی ریچل اسکاٹ سے آف کیمرا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ہم ایران اور اسرائیل کی اس لڑائی میں شامل ہو جائیں، لیکن انہوں نے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت امریکا کسی فوجی کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔

ٹرمپ نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ ایران اسرائیل جنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اگر ثالثی کا کردار ادا کریں تو وہ اس کے لیے کھلے دل سے تیار ہیں۔

امریکی صدر نے بتایا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری ہیں اور ان کے بقول اب جب کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید فضائی حملے ہو رہے ہیں، ایران ممکنہ طور پر معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہوگا۔

یاد رہے کہ جمعہ کی صبح اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے حملے اور پھر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ 

ایران نے اتوار کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ کر دیا تھا، جو کہ پہلے سے طے شدہ تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان جلد امن ہوگا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ بہت ساری ملاقاتیں اور فون کالز ہو رہی ہیں، ایران اور اسرائیل معاہدہ کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ ویسا ہی معاہدہ ہوگا جیسا میں نے بھارت اورپاکستان کے درمیان کرایا، پاکستان اور بھارت کے معاہدے میں امریکا کےساتھ تجارت کی دلیل استعمال کی، 2 بہترین رہنماؤں سے بات کی جو فوری فیصلہ کرسکتے تھے اور سب کچھ رُک گیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *