
بالی وڈ اداکارہ پوجا بیدی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ پروتیما بیدی کی موت ان کی خواہش کے مطابق ہوئی اور ایک معمہ بن گئی کیوں کہ ان کی لاش بھی کبھی نہ مل سکی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا بیدی کی والدہ اور بھارت کی کلاسیکل ڈانسر پروتیما بیدی 1998 میں کیلاش مانسروور کی یاترا کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے دوران ہلاک ہوگئی تھیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران پوجا بیدی نے والدہ کی موت سے متعلق گفتگو میں انکشاف کیا کہ والدہ کے آخری خط کے مطابق وہ کولو منالی گئی تھیں لیکن اس کے بعد وہ کبھی واپس نہیں آسکیں۔

پوجا بیدی کا کہنا تھا کہ ’ والدہ 50 سال کی عمر سے قبل ہی اس دنیا سے چلی گئیں، کاش میں ان کے ساتھ تھوڑا وقت اور گزار لیتی، والدہ ایک ایسی عورت تھیں جنہوں نے اپنی زندگی اپنے اصولوں کے عین مطابق گزاری، ان کی موت بھی ان کی خواہش کے عین مطابق ہی ہوئی ‘۔
اداکارہ کے مطابق ’والدہ کہتی تھیں کہ میں فطرت کے درمیان ہی مرنا چاہتی ہوں، میں نہیں چاہتی کہ میری خوبصورت زندگی کے اختتام پر مجھے کسی شمشان گھاٹ میں دھکیل دیا جائے جہاں میری راکھ کو گنگا میں بہادیا جائے‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’یہ ان کے لیے ایک شاندار اختتام تھا، ان کی لاش کبھی نہیں ملی اور وہ کائنات کا، زمین کا حصہ بن گئیں‘۔
اپنی والدہ کی موت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’ کولو منالی جانے سے پہلے والدہ میرے پاس آئی تھیں، انہوں نے اپنی وصیت لکھنے کے بعد اپنے زیورات ، جائیداد کے کاغذات سب کچھ میرے حوالے کردیے تھے، والدہ کے مجھے حوالے کیے گئے سامان میں ان کا 12 صفحات پر مشتمل ایک خط بھی ملا جس میں انہوں نے مجھ سے اپنے بچپن سے لے کر جوانی اور شادی تک ہر لمحات کو شیئر کیا تھا‘۔
پروتیما بیدی کون تھیں؟

واضح رہے کہ پوجا بیدی کی والدہ پروتیما ایک بھارتی ماڈل و ڈانسر تھیں ، ان کی شادی 1969 میں بالی وڈ اداکار کبیر بیدی سے ہوئی، جوڑے کے دو بچے پوجا بیدی اور سدھارتھ بیدی تھے جس کے بعد جوڑے کے درمیان 1974 میں علیحدگی ہوگئی۔
پوجا بیدی کے بھائی سدھارتھ بیدی نے 25 سال کی عمر میں امریکا میں خودکشی کرلی تھی،پروتیما نے 1997 میں بیٹے کی موت کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور ایک سال بعد 18 اگست 1998کو 49 عمر میں لینڈ سلائیڈنگ میں زندگی کھو بیٹھی تھی۔
Leave a Reply