دوحا: قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور ترکیے کے انٹیلیجنس چیف ابراہیم قالن بدھ کے روز مصر میں غزہ جنگ بندی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے عہدیدار ماجد الانصاری نے الجزیرہ کو بتایا کہ قطری وزیر اعظم شرم الشیخ میں دیگر ثالثوں، جن میں امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، سے ملاقات کریں گے۔
ماجد الانصاری کے مطابق اس ملاقات کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے منصوبے اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو آگے بڑھانا ہے، انہوں نے کہا کہ قطر ی وزیر اعظم کی شرکت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ثالث ممالک جنگ کے خاتمے معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق ترکیے کے انٹیلیجنس چیف ابراہیم قالن بھی کل شرم الشیخ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل حماس کے ایک رہنما نے الجزیرہ کو بتایا کہ شرم الشیخ میں آج ہونے والا مذاکرات کا دور مکمل ہوگیا ہے جس میں یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
حماس رہنما نے کہا کہ حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کو اسرائیلی فوج کے انخلاسے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا ہے، حماس کا مطالبہ ہے کہ آخری یرغمالی کی رہائی اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کے ساتھ ہو۔




















Leave a Reply